ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امیت شاہ کی طرف سے جے ڈی ایس کو خاندانی پارٹی کہنے پر کمار سوامی برہم، بی جے پی میں شامل خاندانوں کی فہرست گنادی

امیت شاہ کی طرف سے جے ڈی ایس کو خاندانی پارٹی کہنے پر کمار سوامی برہم، بی جے پی میں شامل خاندانوں کی فہرست گنادی

Sun, 01 Jan 2023 12:12:07    S.O. News Service

بنگلورو ، یکم جنوری (ایس او  نیوز)مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے کرناٹک میں دئیے گئے بیانات پر ان کی شدید نکتہ چینی کی جا رہی ہے۔منڈیا میں بی جے پی کی سنکلپ یاتراکے دوران جنتا دل(ایس) کو نشانہ بناتے ہوئے یہ کہے جانے پر کہ کرناٹک میں اگر جنتا دل(ایس) اقتدار پر آ گئی تو ایک خاندان حاوی ہو جائے گا اور ایک خاندان کے لئے اے ٹی ایم کھل جائے گا، سابق وزیر اعلیٰ اور جے ڈی ایس رہنما ایچ ڈی کمارسوامی نے کہا کہ بی جے پی میں کتنی خاندانی سیاست چلتی ہے اس سے شاید امیت شاہ واقف نہیں، اس لئے ان کی معلومات کے لئے بتادینا چاہتے ہیں۔

انہو ں نے امیت شاہ کے فرزند جئے شاہ کو سب سے پہلے نشانہ بنایا اور کہا کہ کرکٹ کے میدان میں جئے شاہ کی ایسی کیا صلاحیت ہے کہ ان کو بی سی سی آئی کا سکریٹری بنا دیا گیا۔ کیا جئے شاہ کے ذریعہ امیت شاہ نے بی سی سی آئی کو اپنا اے ٹی ایم نہیں بنایا ہے؟۔سپریم کور ٹ کی سخت ہدایت کے باوجود کہ کرکٹ بورڈ کے تمام عہدے صلاحیتوں کی بنیاد پر ہی دئیے جائیں امیت شاہ نے سپریم کور ٹ کے فیصلہ کی دھجیاں اڑا کر اپنے بیٹے کو بی سی سی آئی کا عہدہ دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلوروسے روانہ ہونے سے پہلے وہ اس سوال کا جواب دیں۔

انہوں نے کرناٹک بی جے پی میں خاندانی سیاست کو گنایا، جس میں ایڈی یورپا اور ان کے بچے، روی سبرمنیا، تیجسوی سوریہ، آر اشوک، روی، وی سومنا اور فرزند، اروند لمباولی۔ رگھو،ایس آر وشواناتھ۔ وانی وشواناتھ، جگدیش شیٹر، پردیپ شیٹر، مرگیش نیرانی،ہنومنت نیرانی،جی ایس بسواراج،جیوتی گنیش، انا صاحب جولے،ششی کلا جولے،سریش انگڈی خاندان،اداسی خاندان، سری راملو خاندان، ریڈی خاندان یہ فہرست بھی مکمل نہیں ہے۔ کمارسوامی نے کہا کہ اگر امیت شاہ کو بی جے پی کی خاندانی سیاست کی قومی فہرست بھی چاہئے تووہ دینے کے لئے تیار ہیں، جو اس فہرست سے دس گنا طویل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنتا دل(ایس) نے ہمیشہ سچائی کی بنیاد پر لڑائی لڑی ہے۔ چونکہ امیت شاہ ایک خود ساختہ دیانتدار ہیں، اس لئے انہیں جے ڈی ایس کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہئے۔


Share: